تازہ ترین

News Detail

NH 10 movie review

"یہ گڑگاؤں میں جہاں آخری مال ختم ہوتے ہیں ناں وہیں آپ کی یہ ڈیموکریسی اور کانسٹیٹیوشن بھی ختم ہو جاتا ہے ـ ارے جہاں بجلی پانی نہیں پہنچتی کانسٹیٹیوشن کہاں پہنچے گا.” تیسری دنیا کے پدرسری معاشروں میں عموماً انسان کی ذات، جنس اور طبقہ طے کرتا ہے کہ اسے زندگی کیسے گزارنی ہے اور اس کا مستقبل کیا ہونا چاہیے ـ نیچ ذات، اونچی ذات ؛ عورت، مرد ؛ اعلی طبقہ، نچلا طبقہ یہی وہ تقسیم ہے جو فیصلہ کن اہمیت رکھتی ہے ـ 2015 کی ہندی فلم "این ایچ 10” طبقاتی و سماجی تقسیم کے اسی پسِ منظر کا پیش منظر ہے ـ یہ ایک ایسے معاشرے کی کہانی ہے جہاں اول عورت کو پیدا ہونے سے پہلے یا پیدا ہوتے ہی قتل کر دیا جاتا ہے اگر "رحم دلی” کے جذبے کے تحت اسے زندہ رہنے کی اجازت مل بھی جائے تو سماجی قوانین کی بندشیں اس قدر سخت ہوتی ہیں کہ وہ جیتے جی مر جاتی ہے ـ کوئی عورت اگر ان سماجی بندشوں سے آزاد ہونے کی کوشش کرے تو سماج اسے "مجرم” قرار دے کر نشانِ عبرت بنا چھوڑتا ہے ـ درج بالا پسِ منظر پر مبنی یہ کہانی ہے مڈل کلاس میاں بیوی ؛ میرا (انوشکا شرما) اور اس کے شوہر ارجن (نیل بھوپالم) کی ـ دونوں ایک پروفیشنل اور بے فکر زندگی گزار رہے ہیں ـ وہ چھٹیاں منانے ہریانہ جانے کا پروگرام بناتے ہیں ـ دہلی ہریانہ ہائی وے پر وہ غیرت کے نام پر ہونے والے دوہرے قتل کے عینی شاہد بن کر مصیبت میں پھنس جاتے ہیں ـ دہلی کے مخصوص اور اپنی دھن میں مگن مڈل کلاس معاشرے سے تعلق ، سماجی و معاشی ناانصافی کے شکار اکثریتی طبقے کے مسائل، نفسیات اور سماجی ساخت سے لاتعلق ہونے کی بنا پر ان کے لیے سماج کا یہ روپ انوکھا اور چونکا دینے والا ہوتا ہے ـ سماجی روایات میں دخل در معقولات کرنے کے جرم میں بالائی طبقات کی جانب سے تھونپی گئی مردانہ ثقافت کے "غیرت مند” پاسدار شوہر کے فوری اور بیوی کو "فلسفہ مردانگی” کا عملی سبق پڑھانے کے بعد قتل کرنے کا فیصلہ کر لیتے ہیں ـ یہاں سے جنم لیتا ہے چوہے بلی کا وہ کھیل جو ذات پات سسٹم اور صنفی امتیاز کے گھناؤنے قوانین کے مطابق کھیلا جاتا ہے ـ فلم میں بظاہر دکھایا جاتا ہے "عورت ہی عورت کی دشمن ہے” جہاں ایک ماں، گاؤں کی سرپنچ (دیپتی ناول) پسند کی شادی کرنے کی پاداش میں بیٹی کو "کاری” قرار دیتی ہے ـ پہلی نظر میں "عورت ہی عورت کی دشمن” ہے جیسا غلط العام تصور درست نظر آتا ہے مگر بغور دیکھا جائے تو یہ مردانہ سماج کی وہ بیڑیاں ہیں جنہیں صدیوں سے پہنی عورت نفسیاتی طور پر اپنا زیور مان کر انہیں سامانِ آرائش تسلیم کرچکی ہے ـ مضبوط سماجی روایات کے باعث عورت کی نفسیاتی شکست اسے باور کروا دیتی ہے کہ مرد جو کہتا و کرتا ہے وہی درست ہے اور جو عورت اس سے انکار کرے وہ سرتاپا غلط ـ "این ایچ 10” ایک اچھی اور پراثر سماجی فلم ہونے کے باوجود پدرسری سماج کے خلاف کھل کر بغاوت نہیں کرتی ـ وہ "کارو کاری” کے خلاف احتجاج کرنے کی بجائے "ہیروئن” کا تصور ابھارنے کی کوشش کرتی ہے ـ غالباً اس کی اہم ترین وجہ سرمایہ دارانہ مارکیٹ کا وہ دباؤ ہے جو صاف صاف نظر نہیں آتا، جو ہر مسئلے کا حل ایک مردِ آہن یا ایک زنِ آہن کی خیالی آمد سے جوڑتا ہے ـ اس فکری کمزوری سے قطع نظر چھوٹے شہروں کے معمولی لوگوں کے گنجلک معاشرتی مسائل جنہیں ہندی سینما عرصہ ہوا بھول چکی ہے کو فنکاری سے دکھانے کی کامیاب کوشش کی گئی ہے ـ اس کوشش کو اس وقت مزید سراہا جاتا جب کلائمکس میں ہدایت کار مصیبتوں میں گھر جانے والی مڈل کلاس خاتون کو لاشوں کے سامنے اطمینان سے سگریٹ کے کش لیتا نہ دکھاتا ـ "ہیروئن شپ” دکھانے کی اس بھونڈی کوشش نے انسانیت کے خلاف جاری جرم کی سنجیدہ کہانی کو مضحکہ خیز بنا کر مخمل کے پردے میں ٹاٹ کا پیوند لگا دیا ہے ـ کیا اچھا ہوتا اگر انوشکا شرما بھی ریپ ہو کر قتل ہو جاتی ـ مانا کلائمکس اذیت ناک ہو جاتا مگر حقیقت تو نہ بدلتی ـ ہدایت کار نودیپ سنگھ نے فنکارانہ طور پر فلم کو کلائمکس تک دلچسپ بنانے کی مکمل سعی کی ہے ـ رواں اسکرین پلے فلم بین کو آخر تک اپنے سحر میں رکھتا ہے ـ فلم کی بیشتر شوٹنگ رات کی ہے ، پہاڑوں اور جنگلوں میں کی جانے والی عکاسی ہر چند بے عیب نہیں بالخصوص پہاڑی سے پتھر باری کا سیکوینس… لیکن مجموعی طور پر قابلِ داد ہے ـ مختصر کرداروں کے تناظر میں تقریباً تمام اداکار ٹھیک ٹھاک ہیں مگر مرکزی کرداروں میں دیپتی ناول اور انوشکا شرما کی اداکاری لاجواب رہی ـ دیپتی ناول ایک منجھی ہوئی سینئر فنکارہ ہیں اس لیے ان سے اس کی توقع بھی تھی لیکن حیرت انگیز طور پر انوشکا شرما کی اداکاری خلافِ توقع رہی ـ مستقبل کا مورخ یقیناً ان کے فلمی کیریئر میں "این ایچ 10” کو اہم ترین قرار دے گا ـ دلچسپ بات یہ ہے وہ اس فلم کی پروڈیوسر بھی ہیں ـ اس فلم کے بعض پرتشدد مناظر شاید حساس افراد کی طبع پر گراں گزریں اس لئے وہ اس فلم سے احتراز کریں تو بہتر ہے ـ ہاں، یہ یاد رکھیں اس قسم کے نفسیاتی و جسمانی تشدد آپ کے اردگرد روز ہورہے ہیں جنہیں آپ دیکھ کر ان دیکھا کر دیتے ہیں ـ

Comment Box is loading comments...

Make up Tip of the day

Using Small plates are Helping lose belly fat

Cooking Tip of the day

Aaloo Chaps (Potato Chaps)