تازہ ترین

News Detail

Movie : Mad Max Furry Road

یہ مووی کسی نارمل انسان کی بنائی ہوئی نہیں ہو سکتی. کسی پاگل کی تخلیق ہے. مجھے یقین ہے اس کا خاکہ جاگتی انکھوں سے نہیں کھینچا گیا ہو گا. یہ تو مُہیب اندھیروں میں بند آنکھوں سے دیکھا گیا کوئی عجیب و غریب خواب ہے جِسے کسی نے مِن و عٙن محفوظ کر لیا ہے. مجھے میرے الفاظ مطمیئن نہیں کر پا رہے. کیمرے کی آنکھ سے وجود میں لائی گی ہر تخلیق کا اک پہاڑ بنا کر دائیں ہاتھ کی طرف رکھتے ہیں اور بائیں طرف اس مووی کو لگا کر بیٹھتے ہیں. اس سے حیران کن شائد ہی دائیں ہاتھ کے ذخیرے میں کچھ ہو. ذرا ہٹ کے نہیں... ساری کی ساری ہٹ کے ہے یہ مووی. زمین کے سینے سے انسان کے وجود کو ناپید کر دیں تو باقی بچنے والی ہر چیز کی زندگی بے رونق ہو جاتی ہے. لیکن اس مووی میں دیکھائی گئی انسان سے جڑی چیزوں کو نکال دیں تو یہ مووی بھی بے رونق ہو جائے گی. جی ہاں اس فلم میں دیکھایا گیا ذٙرہ ذٙرہ مُنفرد یے.کہانی ' سواری ' مرد ' عورت ' ارض ' مٙرض... غرض ہر گزرتا ثٙانیہ مُنفرد ہے. اِنفرادِیٙت کا موازنہ کسی سُنسان کٹے پٹھے ساحل ' زیرِ زمین دریا کی گُزر گٙاہ یا بے کٙراں وُسعتوں میں تیرتے کسی سِیارے سے کر سکتے ہیں. مووی دیکھتے یوں لگے گا کسی نے ہاتھ میں شہاب ثاقب کا کوئی ٹکڑا پکڑا کر گُومٙگُو کی کیفیت میں مُبتلا کر دیا ہے. بِنا ستونوں کے اس آسمان نے کئی فانی وُجُودوں کو لافانی ہونے کا دعوی کرتے دیکھا ہے اور اس دعوی سے لے کر دعوی دار کی موت تک کے مرحلے میں جنم لیتی ہیں کئی انہونیاں.جنون کی حد تک گمراہ ہوتے ہیں کئی نفس... اور آخر میں اپنے جھوٹے خدا کو مرتے دیکھنا کائنات کا سب سے بڑا دھچکا ہو سکتا ہے. داستان ہے اک ایسے ہی کرِیہہ الوجُود جٙابر ' لافانی ہونے کے دعوی دار کی. جو قابض ہے عاجِز رعایا اور مُمکنہ موجودہ وسائل پر. بغاوت کرتی ہے اُس کی ہی ایک وفا دار... جو ہوتی ہے فٙرار... صحرا میں بنے ناقابل تسخِیر قلعے سے ' خدائی دعوے دار کی پانچ خوبصورت داسِیوں کو لے کر. اور ساتھ دیتا ہے اک تنہائی پسند ' خاموش طبعیت جوان. جو اپنی بیوی اور بیٹی کی موت کے بعد سکون کا متلاشی ہے. پانچ داسیوں ' ان کی نجات دہندہ ' فدائی اور جوان کے درمیان صحرا میں ہونے والا مقابلہ بہترین حصہ ہے فلم کا اور فلموں کی ہسٹری کا بھی. عجیب و غریب ہتھیاروں ' سواریوں اور فدائیوں کے ہمراہ شروع ہوتا ہے زندگی کو دبوچنے کے لئے صحرا میں موت کا تعاقب. اور آخر میں کسی کے جھوٹے خدا کو مرتے دیکھنا کائنات کا اچھوتا احساس ہو سکتا ہے. اور یہ احساس فراہم کرتی ہے یہ مووی... یوں لگا مووی کسی حد تک گیارہویں صدی کے متنازعہ کردار "حسن بن صباح" پر جدید انداز میں بنائی گئی ہے.

Comment Box is loading comments...

Make up Tip of the day

Using Small plates are Helping lose belly fat

Cooking Tip of the day

Aaloo Chaps (Potato Chaps)