تازہ ترین

News Detail

Game of thrones review

"سیزن چھ کے اختتام اور سیزن سات کے آغاز دونوں میں آنسہ آریا سٹارک جلوہ گر نظر آئیں جہاں "عرس احمر" (وہ شادی جس میں والڈر فرے نے دھوکے سے شاہ شمال راب سٹارک کو ان کی والدہ، بیگم، ہونے والے بچے اور فوج سمیت نہایت سفاکی سے قتل کیا تھا) کا بدلہ لینے کیلئے انہوں "خدائے کثیر رو" کے مندر "خانہ سیاہ و سفید" میں اپنے استاد جیکن ہگار سے حاصل کی ہوئی تربیت اور چہرہ بدلی کی صلاحیت کے سہارے تن تنہا تمام فرے خاندان نیست و نابود کردیا۔ پہلے انہوں نے کسی نامعلوم لڑکی کی صورت اختیار کرکے نہایت بے رحمی سے والڈر فرے کو ذبح کیا اور پھر اس کا بھیس بدل کر کل فرے خاندان کو دعوت پر بلایا اور زہریلی شراب پلا کر اس کے تمام مردوں کو قتل کر ڈالا۔ مرتے ہوئے ابنائے فرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تم لوگوں سے غلطی یہ ہوئی کہ تم نے سٹارک خاندان کو مکمل ختم نہیں کیا کیونکہ "گرگ زادہ اگر ایک بھی بچ نکلے تو بھیڑوں کا ریوڑ محفوظ نہیں رہ سکتا" (گرگِ وحشی سٹارک خاندان کا نشان ہے)۔ آنسہ آریا کے انداز شروع سے ہی نرالے ہیں۔ بچپن سے ہی اپنی بہن کے برعکس جسکی سب سے بڑی خواہش شہرادے سے شادی کرنا تھی، آریا کو نہ تو سلائی کڑھائی میں دلچسپی تھی اور "خاتون" بننے میں۔ ان کا من لڑائی بھڑائی، شمشیر زنی اور تیر اندازی میں زیادہ لگتا تھا۔ انکی دلچسپیوں کو دیکھتے ہوئے ہی جان سنو نے ایک چھوٹی سی تلوار "سوزن" انہیں تحفے میں دی جسے وہ اب بھی حرزِ جاں بنائے ہوئے ہیں۔ ان کے والد لارڈ ایڈرڈ سٹارک نے بھی ان کی دلچسپیوں کے سامنے ہار مانتے ہوئے عظیم براووسی شمشیر زن سیریو فوریل کو ان کا استاد مقرر کیا۔ ان کے والد کے خلاف سازش کے موقع پر سیریو فوریل نے بظاہر اپنی جان دے کر ان کی جان بچائی۔ اگرچہ سیریو فوریل کا انجام ابھی تک ایک راز ہے اور ایک تھیوری کے مطابق سیریو فوریل اصل میں جیکن ہگار ہی تھا اور وہ وہاں سے بچ نکلا تھا تاہم آریا نےیہی سمجھا کہ سیریو فوریل سر میرن سے لڑائی میں جان ہار گیا تھا۔ اس کا ان پر شدید اثر ہوا اور انہوں نے سر میرن کا نام بھی اس ان لوگوں کی فہرست میں شامل کرلیا جن سے انہوں نے بدلہ لینا تھا۔ بہت بعد میں جب وہ براووس میں جیکن ہگار کے زیر تربیت "لاشخص" بننے کے عمل سے گزر رہی تھیں تو انہوں نے سر میرن کو دیکھا جس کی شامت اسےبراووس لے آئی تھی۔ سرمیرن کو دیکھتے ہی ان کے اندر آریا سٹارک دوبارہ بیدار ہوگئی اور انہوں جیکن ہگار کے حکم کے برخلاف پہلی دفعہ چہرہ بدلی کے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے سر میرن کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس واقعے نے ایک لحاظ سے یہ بھی طے کردیا کہ وہ "لاشخص" نہیں بن سکیں گی۔ خیر، اپنے والد کے قتل کے بعد نوعمر آریا کی زندگی میں کئی ہنگامہ خیز موڑ آئے اور وہ لینسٹر افواج اور سر سینڈور کلیگین عرف "سگِ تازی" کی قید سمیت کئی بحرانوں کا سینہ چیرتی ہوئی براووس پہنچیں جہاں سے وہ اب کندن بن کر لوٹی ہیں۔ ان کے سینے میں انتقام کے شعلے تو پہلے سے ہی بھڑک رہے تھے، اب جیکن ہگار کی تربیت کے نتیجے میں وہ انتقام لینے کے وسائل سے بھی مالامال ہیں جس کا پہلا مظاہرہ فرے خاندان کی تباہی کی صورت میں کرنے کے بعد وہ سرسی لینسٹر کا سر کچلنے "مہبط شاہ" کی طرف عازم سفر ہوئیں تو راستے میں انہیں پتا چلا کہ جان سنو "سدِ عظیم" کو چھوڑ کر واپس آچکا ہے، رمزی بولٹن قصہ پارینہ بن چکا اور جان سنو ہی اب "شاہ شمال" ہے تو انہوں نے فوراً رخ بدل کر شمال کی راہ لی ہے۔ صورتِ حال اب یقینا دلچسپ ہوچکی ہے کیونکہ جان سنو ملکہ ڈنیریس سے ملنے کیلئے شمال سانسا سٹارک کے حوالے کرکے ونٹرفیل سے روانہ ہوچکا ہے۔ سانسا کے بارے میں ہم جانتے ہیں کہ وہ معاملات کو سدھارنے کی بجائے بگاڑنے کی ماہر ہیں۔ آریا کی ونٹرفیل میں آمد کے نتیجے میں شمال یقینا زیادہ محفوظ ہوجائے گا۔ دوسری جانب "سگِ تازی" بھی قلب ماہیت کے بعد شمال کی جانب عازم سفر ہے۔ "سگِ تازی" سے آریا سٹارک کا تعلق پیچیدہ ہے۔ اگرچہ اپنے دوست مائیکا کے قتل کے بعد آریا نے اس کا نام ان لوگوں میں شامل کرلیا تھا جن سے انہوں نے بدلہ لینا تھا لیکن اس کی قید کے دوران ان کے تعلق کی نوعیت پیچیدہ ہوگئی۔ اگرچہ وہ اس کی قیدی تھیں لیکن "سگِ تازی" نے نہ صرف "عرس احمر" کے موقع پر غصے سے بے قابو ہوتی آریا کو سنبھالا بلکہ بعد میں کچھ پرانے حسابات چکتا کرنے میں بھی مدد دی۔ بریاین سے لڑائی میں جب وہ شدید زخمی ہوا تو آریا نے اسے قتل کرنے کی بجائے محض وہاں سے چل دینے کو ترجیح دی۔ بعد میں جیکن ہگار کے سامنے جب انہوں نے "سگِ تازی" سے نفرت کا اظہار کیا تو اس نے کہا کہ وہ صرف اس سے ہی نہیں بلکہ خود سے بھی جھوٹ بول رہی ہیں۔ جیکن ہگار پر چونکہ لوگوں کے دلوں کا حال منکشف ہوجاتا ہے لہذا یہ یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ آریا کے اس کے بارے میں اب نفرت کے جذبات باقی نہیں رہے۔ اب اگر دونوں کا سامنا ہوا تو یہ دلچسپ صورت حال ہوگی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آریا آگے کیا کارہائے نمایاں سرانجام دیتی ہیں؟ سانسا سے ان کے تعلقات کیسے ہوں گے؟ کیا سرسی لینسٹر انہی کے ہاتھوں قتل ہوگی؟ کیا وہ کسی مشکل میں پھنس گئیں تو جیکن ہگار انہیں بچانے آئے گا؟"

Comment Box is loading comments...

Make up Tip of the day

Using Small plates are Helping lose belly fat

Cooking Tip of the day

Aaloo Chaps (Potato Chaps)